ڈپٹی کمشنر موسی خیل کی زیر صدرات انسداد پولیو مہم کے دوسرے کیچ اپ ڈے بارے اجلاس، مہم کے پانچویں روز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعہ 30 مئی 2025 17:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر موسی خیل فلائٹ لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) بلال شبیر کی زیر صدارت پولیو مہم کے دوسرے کیچ اپ ڈے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت ، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیو مہم کے پانچویں روز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ مہم کی کامیابی کے لیےتمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔ ڈپٹی کمشنر موسی خیل نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، اور خاص طور پر ان علاقوں پر توجہ دی جائے جہاں کوریج کم رہی ہے۔

(جاری ہے)

فلائٹ لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) بلال شبیر نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام سرکاری محکموں، صحت کے عملے، عالمی اداروں اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام نے ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندوں کے ہمراہ بتایا کہ پولیو مہم کے دوران تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں۔ کیچ اپ ڈے میں ان بچوں کو ویکسین پلائی جا رہی ہے جو کسی وجہ سے مہم کے پہلے چار دنوں میں ویکسین نہیں لے پائے تھے۔

عالمی اداروں کے نمائندوں نے تکنیکی معاونت اور فنڈنگ کے ذریعے مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام جاری رہے گا تاکہ پولیو سے پاک موسی خیل کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے۔

متعلقہ عنوان :