جمس کو ٹیچنگ اسپتال اور میڈیکل کالج کا درجہ دلانے کے لیے کوشش کررہے ہیں،،بریگیڈیئر (ر)زبیر احمد شیخ

جمعہ 30 مئی 2025 17:09

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء) جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جمس اسپتال کے ڈائریکٹر برگیڈئیر (ر) زبیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ جمس اسپتال کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں، جمس کو ٹیچنگ اسپتال اور میڈیکل کالج کا درجہ دلانے کے لیے کوشش کررہے ہیں، ایمرجنسی سروس شروع کرنے کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں، جلد عوام کو ایمرجنسی، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، پی سی آر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جمس اسپتال میں سندھ کا بہترین آکسیجن پلانٹ نصب کیا جارہا ہے، ادویات کی کمی کو پورا کرلیا ہے اب ہر مریض کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں، پارکنگ فیس جون تک ختم کردی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران سوشل فورم کے چیئرمین عبدالحئی سومرو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جمس ڈائریکٹر نے وفد کو اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کراتے ہوئے بتایا کہ مجھ سے پہلے ادویات کی قلت تھی جس کو آتے ہی پورا کرلیا ہے تاکہ ہر مریض کو ادویات فراہم کی جاسکے، جمس میں ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات شروع کی جارہی ہیں جبکہ لیبارٹری کو مکمل فعال کرکے 24 گھنٹے عوام کی ٹیسٹ کی جائیں گی کوشش ہے کہ عوام کو صحت کی تمام سہولیات ہر وقت فراہم کی جائیں، انہوں نے بتایا کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی میر عباس جکھرانی کے تعاون سے ٹھنڈے پانی کی ٹینکی بنائی جارہی ہے تاکہ مریضوں کو ہر وقت ٹھنڈا پانی میسر ہوسکے جبکہ مریضوں کے ساتھ آنے والوں کے لیے واش روم بنائے جارہے ہیں، ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ سابق ڈائریکٹر نے دسمبر تک پارکنگ کا ٹھیکہ دیا تھا ٹھکیدار کو ایک ماہ تک پارکنگ فیس ختم کرنے کے لیے نوٹس دے دیا ہے جون تک پارکنگ فیس ختم کردی جائے گی، علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے پارکنگ فیس لینا درست عمل نہیں، انہوں نے کہا کہ جمس میں ضلع جیکب آباد سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جمس میں مختلف بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر موجود ہیں جو اپنی خدمات دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ جلد جمس اسپتال کو ٹیچنگ اسپتال کادرجہ دلایا جائے جس کے بعد ٹیچنگ اسپتال کو میڈیکل کالج میں تبدیل کرایا جائے گا تاکہ جیکب آباد کے طلباء و طالبات کو ایم بی بی ایس ، نرسنگ سمیت دیگر کورس کرائیں جائیں۔