Live Updates

جلد پاکستانی فلم انڈسٹری کو کھوئی ہوئی پہچان واپس دلائیں گے، حذیفہ رحمان

وزیر مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تحریری تجاویز طلب کرلیں ،روڈ میپ آئندہ ہفتے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا

ہفتہ 31 مئی 2025 11:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)وزیر مملکت برائے قومی ثقافت اور ورثہ حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ جلد پاکستانی فلم انڈسٹری کو کھوئی ہوئی پہچان واپس دلائی جائے گی۔اسلام آباد میں حذیفہ رحمان کی سربراہ میں پاکستان میں فلم اور سینما انڈسٹری کی بحالی سے متعلقہ اجلاس ہوا۔وزیر مملکت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تحریری تجاویز طلب کرلیں اور کہا کہ حتمی روڈ میپ آئندہ ہفتے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔

حذیفہ رحمان نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ جلد پاکستان کی فلم انڈسٹری کو کھوئی ہوئی پہچان واپس دلائی جائے گی ۔اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ماضی میں فلم اور سینما حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اس شعبے کو ترجیح دینا ایک خوش آئند قدم ہے۔

(جاری ہے)

فلم ڈائریکٹر سید نور نے کہا کہ فلم اور سینما ایک دوسرے کے بغیر مکمل نہیں۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ 2018 کی فلم پالیسی پر جزوی عملدرآمد جاری ہے تاہم اس پر اب مزید تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی وزیراعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی فلم اور سینما انڈسٹری جلد ہی عالمی سطح پر اپنی پہچان دوبارہ حاصل کرے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات