کراچی‘ عدالت میں ایس ایس یو کے سراغ رساں کتوں کے بارے میں اہم انکشافات

کتے بیرون ملک سے تربیت یافتہ ہوتے ان کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرے موجود ہیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کی جاتی ہے

ہفتہ 31 مئی 2025 12:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)سندھ ہائیکورٹ میں ملزم آفتاب احمد کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران دلچسپ مکالمہ اور انوکھے انکشافات سامنے آئے، جب عدالت میں سراغ رساں کتوں، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی سرگرمیوں اور ان کے ٹریننگ سسٹم پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔کیس کی سماعت جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ہوئی۔ عدالت میں ملزم آفتاب احمد اور درخواست گزار کے وکیل غیر حاضر رہے، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، تاہم پولیس افسر کی مکمل یونیفارم میں پیشی پر عدالت نے سراہا اور کہا آپ کا یونیفارم میں آنا خوش آئند ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس عمر سیال نے پولیس افسر سے استفسار کیا، آپ کا تعلق کس فورس سے ہی جس پر افسر نے بتایا کہ وہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایس ایس یو کے کام سے متعلق سوالات کیے، جس پر افسر نے بتایا کہ ایس ایس یو اہم شخصیات اور حساس مقامات کی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔ ہمارے پاس سراغ رساں کتوں کا یونٹ بھی موجود ہے۔عدالت نے کتوں کی تربیت سے متعلق استفسار کیا تو پولیس افسر نے بتایا کہ یہ کتے بیرون ملک سے تربیت یافتہ لائے جاتے ہیں اور ان کی مخصوص تربیت کی جاتی ہے۔

جسٹس سیال نے مزید سوال کیا کہ آیا یہ کتے ایک بار منشیات سونگھنے کے بعد دوبارہ کام کر سکتے ہیں یا نہیں پولیس افسر نے وضاحت کی کہ ایسے کتوں کو وقفے کے بعد دوبارہ استعمال کیا جاتا ہے تاکہ ان کی صلاحیت برقرار رہے۔جسٹس عمر سیال نے پوچھا، آپ لوگ ان کتوں کو کیسے رکھتے ہیں جس پر پولیس افسر نے بتایا کہ سراغ رساں کتوں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرے موجود ہیں، اور ان کی مناسب دیکھ بھال کی جاتی ہے۔وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایس ایس یو کے پاس اسکیٹنگ یونٹ بھی موجود ہے، اور ان کے اہلکار اسلحہ سمیت اسکیٹنگ کی تربیت اور مظاہرے میں مہارت رکھتے ہیں۔عدالت نے پولیس افسر کی پیشہ ورانہ معلومات اور انداز پر تعریف کی اور سماعت کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔