مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ

ہفتہ 31 مئی 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو دشمن کے طور پر دیکھنے کے بجائے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد قابل عمل آپشن ہے۔ ہفتہ کو اپنے خصوصی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حریف جماعتوں کو دشمن کے طور پر دیکھنے اور ماضی کے ہتھکنڈوں سے مسائل کے حل کی توقع رکھنے کی ذہنیت بات چیت کے بغیر کام نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے یا مذاکرات سے انکار سے ریلیف نہیں ملے گا۔ اس کے بجائے انہیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف زرداری سے بات چیت کرنی چاہیے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اپنی موجودہ ذہنیت کی وجہ سے کامیابی سے بہت دور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی پر زور دیا کہ وہ لچکدار رویہ اپنائیں، جمہوری اصولوں کا احترام کریں اور مذاکرات میں شامل ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی سمجھتے ہیں کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں ہے لیکن اب انہیں احساس ہو جانا چاہیے کہ اتھارٹی حکومت کے پاس ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ سمجھداری کا مظاہرہ کرے ،سیاسی حقائق کو سمجھنے پر توجہ دے اور محاذ آرائی سے گریز کرے۔