Live Updates

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ،ارشد ندیم 52 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے

آخری بار جیولن تھرو اور 800 میٹر میں بالترتیب اللہ دادا اور محمد یونس نے فلپائن میں ہونیوالے ایونٹ کے دوران طلائی تمغہ جیتا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 31 مئی 2025 15:36

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ،ارشد ندیم 52 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے ..
گومی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 مئی 2025ء ) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو چیمپئن اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025ء کے جیولین تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ 
جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں 
پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جب کہ دوسری کوشش میں ان کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، ارشد نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی، انہوں نے چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی۔

 
چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر موجود رہے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور بلآخر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

 

 
دریں اثناء ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والے 52 سالوں میں پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔
یہ 1973ء کے بعد پاکستان کا پہلا طلائی تمغہ ہے ، آخری بار جیولن تھرو اور 800 میٹر میں بالترتیب اللہ دادا اور محمد یونس نے فلپائن میں ہونے والے ایونٹ کے دوران طلائی تمغہ جیتا تھا۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن تھرور کے فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔ 
پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، یاسر کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جب کہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔ 
واضح رہے کہ ارشد ندیم اس سے قبل پیرس اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات