چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے عیدالاضحی ٰکے حوالے سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی آگاہی کیمپ کا دورہ کیا

ہفتہ 31 مئی 2025 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے عیدالاضحیٰ کے حوالے سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی آگاہی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہریوں میں آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے بائیوڈیگریڈیبل ویسٹ بیگز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔قبل ازیں ایک اجلاس میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا ساجد صفدر نے راجہ حنیف کو عیدالاضحی کے صفائی پلان اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر بھر میں سیکڑوں ورکرز کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھانے کے لیے 24/7 مانیٹرنگ اور شکایات کے فوری ازالے کا مؤثر نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

راجہ محمد حنیف نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا ماحول مہذب معاشرے کی پہچان ہے اور عیدالاضحی ٰکے موقع پر آلائشوں کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانا شہری اور مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سہولت دینے کے لیے جو منصوبہ بندی کی گئی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام اضلاع میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔\378