oڈاکٹرز کا لڑکی کے پیٹ سے 82 انچ طویل بال نکالنے کا دعویٰ

ًڈاکٹرز کے مطابق لڑکی پیٹ میں درد، قبضی اور قے آنے کی شکایت کی وجہ سے ہسپتال آئی تھی

ہفتہ 31 مئی 2025 20:35

! نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2025ء)بھارتی ڈاکٹرز نے ایک پیچیدہ آپریشن کے ذریعے جواں سالہ لڑکی کے پیٹ سے نہ صرف بالوں کا گُچھا نکال دیا بلکہ 82 انچ طویل بال بھی نکالنے کا دعویٰ کردیا۔’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ڈاکٹرز نے ریاست اتر پردیش کے شہر آگرا سے تعلق رکھنے والی دسویں جماعت کی طالبہ سے بالوں کا گُچھا نکال دیا۔

رپورٹ کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پر لڑکی کا آپریشن کرکے پیچیدہ گُتھی سلجھائی اور لڑکی کے پیٹ سے بالوں کا گُچھا نکالا۔ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی پیٹ میں درد، قبضی اور قے آنے کی شکایت کی وجہ سے ہسپتال آئی تھی، جن کا سی ٹی اسکین کیے جانے کے بعد ان کے پیٹ میں سنگین خرابی کا انکشاف ہوا، جس پر ان کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

متعدد ڈاکٹرز کی ٹیم نے لڑکی کا آپریشن سر انجام دیا، جس دوران ڈاکٹرز نے پایا کہ لڑکی کے پورے پیٹ میں بال پھیلے ہوئے ہیں جب کہ چھوٹی آنتوں کے گرد بالوں کا ایک گُچھا بھی موجود ہے۔ڈاکٹرز نے مہارت سے لڑکی کے پیٹ سے بالوں کا گُچھا نکالا جب کہ ڈاکٹرز نے لڑکی کے پیٹ میں موجود 210 سینٹی میٹر یعنی 82 انچ طویل بال بھی کامیابی سے نکالا۔لڑکی کے پیٹ سے 82 انچ طویل بال نکالے جانے کے بعد ڈاکٹرز نے بتایا کہ یہ ایک عالمی ریکارڈ بھی ہے، پہلی بار کسی انسان کے پیٹ سے اتنا لمبا بال نکالا گیا ہے، اس سے قبل 180 سینٹی میٹر بال پیٹ سے نکالا جا چکا ہے۔

ڈاکٹرز نے بتایاکہ جس لڑکی کے پیٹ سے بالوں کو گُچھا نکالا گیا، وہ پیکا (Pica) نامی دماغی عارضے میں مبتلا تھی، جس کے شکار افراد ایسی چیزیں کھانے کے عادی ہوتی ہیں، جو ہضم نہیں ہوتیں اور وہ نظام ہاضمہ کے لیے بھی نقصان دہ ہوتی ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق متاثرہ لڑکی کو چھٹی جماعت سے چاک، لکڑیوں کے ٹکڑے، پلاسٹک اور اسی طرح کی دوسری چھوٹی موٹی چیزیں کھانے کی عادت تھی، جس وجہ سے ان کے پیٹ میں بالوں کا ایک گُچھا جمع ہوگیا۔لڑکی کے پیٹ سے بالوں کو گُچھا نکالے جانے کے بعد اب اس کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔