سانحہ 9مئی، مختلف مقدمات میں ملوث ہزاروں افراد کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک

ہفتہ 31 مئی 2025 20:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2025ء)سانحہ 9مئی 2023ء کے مختلف کیسوں میں ملوث ہزاروں افراد کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کے ساڑھے 5 ہزار سے زائد ایسے پاکستانی ہیں جن کے پاسپورٹ بلاک کر دیے گئے ہیں جو کسی بھی طرح سانحہ 9مئی میں ملوث پائے گئے تھے۔

پاسپورٹ ذرائع کے مطابق بلاک ہونے والے پاسپورٹ میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو اس وقت نجی اور سرکاری اداروں میں دوران ڈیوٹی تھے اور ان کے کسی بھی طریقے سے سانحہ 9 مئی میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔جیو فینسگ میں ان کا موبائل یا لینڈ لائن نمبر آیا، اس بنا پر ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جن افراد نے اپنے بے گناہ ہونے کے شواہد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیے، ان کے نام بھی ابھی تک شامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

عدالت عالیہ نے درجنوں کیسوں میں پاسپورٹ حکام کو ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے، پاسپورٹ حکام نے بہت سار ے کیسوں میں عدالت میں پاسپورٹ بلیک لسٹ ہونے کا ریکارڈ بھی جمع کرا دیا ہے۔دوران سماعت پتا چلا کہ بہت سارے ایسے افراد ہیں جو ان علاقوں میں قائم سرکاری اور نجی اداروں میں کام کرتے ہیں اور حالات خراب ہونے پر اپنے گھر والوں اور عزیز و اقارب کو فون کالز کرتے رہے اور جیو فینسگ میں ان کا نام آگیا۔

دوسری جانب محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے عدالت عالیہ میں موقف اپنایا ہے کہ پاسپورٹ کو بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا کام پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا نہیں یہ وزرات داخلہ کا ہے۔وزارت داخلہ ہی بلیک لسٹ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرتی ہے اور نکالتی ہے، 9مئی میں کسی بھی درجے میں شامل ہونے کی بنا پر نام بلیک لسٹ میں شامل ہو چکے ہیں، جن کے پاسپورٹ ایکسپائر ہو چکے، ان کے پاسپورٹ کی مدت میں اب تجدید یو سکتے جب تک ان کا نام بلیک لسٹ سے خارج نہیں ہو جاتا۔