Live Updates

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا پاک کوریاکلچر نائٹ کا اہتمام ، دونوں ممالک کی ثقافتی اظہار کی ہم آہنگی کو اجاگر کیا

ہفتہ 31 مئی 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے جمہوریہ کوریا کے سفارت خانے اور گورنمنٹ آف پنجاب کے تعاون سے ایک دلکش شام کا اہتمام کیا جس میں کوریا اور پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ترجمان کے مطابق یہ رنگا رنگ تقریب31 مئی شام 7:30 بجے سے رات 10:00 بجے تک لاہور قلعے کی تاریخی دیوار مصوری پر منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی موسیقی، رقص اور ثقافتی اظہار کی ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا۔

اس پروگرام کا انعقاد ثقافتی تبادلے اور سیاحت کے فروغ کے مقصد سے کیا گیاتاکہ مختلف کمیونٹیز کو اکٹھا کر کے کوریا اور پاکستان کے درمیان دوستی کے جذبے کو اجاگر کیا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق پاک کوریا کلچر نائٹ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت بنی، جس میں سامعین کو دونوں ثقافتوں کی جاذب روایات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

اس یادگار شام میں کوریا سے پانسوری (مس سومی پینگ)، فوک پرفارمنس ( ہارانگا)، مسٹر سونگ جے لی (ڈائییگم)، سامولنوری اینڈ پینگئٹ(یوہئیونگ) اور ٹایکوونڈو ٹیم جبکہ پاکستان سے مسٹر زکریا اقبال و مس جیسیکا کی دو رکنی کتھک پرفارمنس ، مادھولال دھمال گروپ کی روح پرور پرفارمنس ، مسٹر بلال صابر (بانسری) اور مسٹر جہانیاں خان (طبلہ) کا دلکش سنگیت سامعین کے لیے خاص کشش کا باعث بنے۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ "یہ تقریب پاکستان اور کوریا کے مشترکہ ورثے کو یکجا کرنے کا ایک بہترین موقع تھا۔ اس نے ہماری ثقافتوں کے درمیان باہمی تفہیم اور قدردانی کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کی عکاسی کی ، ہمیں خوشی ہے کہ ثقافت سے بھرپور اس یادگار شام کو منانے کا موقع ملا۔''ڈائریکٹر مارکیٹنگ، سیاحت اور ثقافت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی تانیہ قریشی نے کہا کہ پاک کوریا کلچر نائٹ ہمارے ویژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ثقافتی تبادلے اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایسے پروگرام ہمارے معاشروں کے درمیان پل کا کام کرتے اور دونوں ممالک کی ثقافتوں کے تنوع وخوبصورتی کو نمایاں کرتے ہیں۔ شرکاء نے نہ صرف موسیقی اور رقص کا لطف اٹھایا بلکہ ایک زندہ دل ماحول کا بھی حصہ بنے جو احترام، ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلے کی مشترکہ اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات