ایشین چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کا گولڈ میڈل، پی ایس بی کی اسٹریٹجک معاونت کا نتیجہ

ہفتہ 31 مئی 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) پاکستان کے معروف جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام ایک بار پھر روشن کر دیا۔ ان کی یہ شاندار کامیابی جہاں ان کی ذاتی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، وہیں پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی مسلسل سرپرستی، پیشہ ورانہ تربیت، عالمی معیار کی رہائش اور غذائی سہولیات کا بھی مظہر ہے۔

پی ایس بی کے ترجمان کے مطابق ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 کے بعد 9 دسمبر 2024 سے لاہور کوچنگ سینٹر میں پی ایس بی کے نیشنل ٹریننگ کیمپ میں کوچ سلمان اقبال بٹ کی نگرانی میں باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا۔پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کی خصوصی ہدایات پر ارشد کے ویٹ اور جم ٹریننگ کے لیے ایک مخصوص ہال مختص کیا گیا اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا تاکہ وہ اعلیٰ سطح کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ایس بی کے مطابق ارشد ندیم 2019 سے لاہور سینٹر میں ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں جہاں انہیں اعلیٰ معیار کی رہائش، خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئیں، تاکہ وہ مکمل یکسوئی سے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ دے سکیں۔ترجمان کے مطابق ارشد ندیم واحد مستفید کھلاڑی نہیں ہیں۔ پاکستان کے دوسرے نمایاں جیولن تھرو کھلاڑی محمد یاسر بھی لاہور سینٹر میں رہائش پذیر ہیں اور یکساں سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جو پی ایس بی کی جانب سے قومی سطح پر ٹیلنٹ کی پرورش کے عزم کا ثبوت ہے۔

پی ایس بی کے ترجمان نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کی قیادت میں بورڈ قومی ایتھلیٹس کو عالمی معیار کی معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ پاکستان عالمی کھیلوں کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرتا رہے۔