ٴ صوبائی حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدودہوکررہ گئی ہے،پروفیسر محبوب الزمان بٹ

اتوار 1 جون 2025 21:10

ُ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2025ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدودہوکررہ گئی ہے۔ عوام کو دقت کی روٹی میسرنہیں جبکہ وزیراعلیٰ کی تشہیر پر قومی خزانہ کابے دریغ استعمال کرکے بلند بانگ دعوئوں اور میڈیا کی جادوگری سے عوام کو دھوکادیا جارہاہے ۔

المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ہونے والے اجلاس میںضلعی جنرل سیکرٹری یاسر اقبال کھارا، نائب امراء میاںانوارالحق،شیخ محمدمشتاق،اجمل حسین بدر،رائے ندیم الرحمن،صدرسیاسی کمیٹی میاںطاہرایوب بھی موجود تھے۔محبوب الزماںبٹ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مہنگائی کے خاتمہ اور معاشی اشاریوں کی بہتری کے دعوے عوام کو دھوکہ دہی کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

اشیائے خورد و نوش اور اشیائے ضرورت کی قیمتیں مسلسل بڑھتی جارہی ہیں، بجلی، گیس، پٹرول کی خریداری صارفین کے لیے بڑا بوجھ بن گئی ہے، تنخواہ دار طبقہ، کلرک، پنشنرز کے حالات ابتر ہیں۔انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت کے زرعی انقلاب کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، صوبہ بھر میں کسان بڑے مسائل سے دوچار ہیں۔ حکومتی اقدامات سے کپاس، چاول، گندم، گنا کے کاشت کاروں کو مسلسل خسارے کا سامنا ہے۔

بجلی، تیل، زرعی ادویات ، کھادیں مہنگی تر ہیں، جس سے فصلوں کی پیداواری لاگت اوراخراجات ناقابلِ برداشت ہو گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکمران معاشی بہتری کے لیے آزمائے ہوئے فرسودہ اور ناکارہ حربے استعمال کرنے کی بجائے عوام کا اعتماد بحال کریں۔ملکی صنعت کاروں، سرمایہ کاروں، بیرون ملک پاکستانیوں پر انحصار کریں تو مستقل بنیادوں پر معیشت بحال ہوگی ورنہ حکومت ملک کو مزید قرضوں، کرپشن میں مبتلا کرکے رُخصت ہوجائے گی اور حسبِ دستور ملک کا بڑا نقصان ہوجائے گا۔