محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت نو تعینات ایس ڈی اوز کے اعزاز میں تعارفی اجلاس

پیر 2 جون 2025 04:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت ایک اہم تعارفی اجلاس گذشتہ روز پشاور میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات میں حال ہی میں تعینات کیے گئے سب ڈویژنل آفیسرز نے شرکت کی۔ محمد سہیل آفریدی نے نو تعینات افسران کو خوش آمدید کہا اور ان کی تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور عوام کو بروقت خدمات میسر آئیں گی۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ تمام افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری، خلوص اور تندہی سے ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ ترقی، شفافیت اور سروس ڈلیوری میں بہتری ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی پیشہ ورانہ مسئلے کی صورت میں وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔اجلاس کے دوران تمام سب ڈویژنل آفیسرز نے اپنا تعارف پیش کیا اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اور اس شعبے میں شفافیت، دیانتداری اور محنت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :