Live Updates

فیصل آباد میں 13سالہ گھریلو ملازمہ پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں ہلاکت قابل مذمت ہی: جاوید قصوری

بدھ 4 جون 2025 20:14

فیصل آباد میں 13سالہ گھریلو ملازمہ پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں ہلاکت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے فیصل آباد میں 13سالہ گھریلو ملازمہ پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں جان بحق ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داران کو سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ۔ ہر سال درجنوں گھریلو ملازم معصوم بچوں پر تشدد کے واقعات منظر عام پر آتے ہیں ، چند دن میڈیا کی زینت بنتے ہیں اور پھر مٹی ڈال دی جاتی ہے ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ معصوم بچوں سے محنت مزدور ی کروانے کے خلاف قانو ن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔یہ ایک گھناونا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے کی عمر میں ہیں مگر وہ مختلف کارخانوں ، دکانوں ، گھروں ،ورکشاپوں، فیکٹریوں اور دیگر مزدوری کے اڈوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

چائلڈ لیبر کے حوالے سے کئی قانو ن بنائے جا چکے ہیں مگر المیہ ہے کہ اس پر حکومتی ادارے عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

حکومت کا اولین فرض بنتا ہے کہ وہ ان بچوں کی تعلیم کا مناسب بندوبست کرے ، پاکستان اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک ملک کے اندر شرح خواندگی سو فیصد نہیں ہو جاتی ، اس وقت پاکستان میں شرح خواندگی 62.8فیصد ہے ۔تعلیم کا حصول ہر بچہ کا بنیادی حق ہے جو اسے ملنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے چائلڈ لیبر کے تدارک کیلئے زبانی جمع خرچ سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں کیا۔

محمد جاویدقصوری نے مزید کہا کہ پاکستان میں چائلڈ لیبر کو روکنے کے لیے حکومت طویل مدتی اور مضبوط ایکشن پلان مرتب کرے ،اس کی روک تھام کے لئے بنائے جانے والے اداروں کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔رشوت کے کلچر کا خاتمہ ہو جاے تو اداروں کے مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن ہے۔ان کی کارکردگی سو فیصد ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت چائلڈ لیبر کے شکار بچوںکو پڑھانے کا بندوبست کرے اوران کے پڑھائی کے سلسلے کی مکمل نگرانی کی جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات