Live Updates

18سال سے کم عمر کی شادی پابندی کا قانون قرآن وسنت کیخلاف ہے،مرکزی علماء کونسل

قرآن و سنت کے احکامات کو نظر انداز کرکے قانون سازی غیر آئینی اور آئین پاکستان کی روح کے خلاف ہے تمام دینی طبقات مولانا فضل الرحمن کے موقف کی تائید کرتے ہیں او رتمام دینی جماعتیں ان کے شانہ بشانہ ہیں

پیر 2 جون 2025 13:06

18سال سے کم عمر کی شادی پابندی کا قانون قرآن وسنت کیخلاف ہے،مرکزی علماء ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)مرکزی علماء کونسل پاکستان نے 18سال سے کم عمر کی شادی پر پابندی کا قانون قرآن و سنت کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا ہے جبکہ اس متنازع بل کو اسلامی نظریاتی کونسل بھی قرآن و سنت کے خلاف قرار دے کر مسترد کرچکی ہے۔ قرآن و سنت کے احکامات کو نظر انداز کرکے قانون سازی غیر آئینی اور آئین پاکستان کی روح کے خلاف ہے۔

حکومت قرآن وسنت اور آئین پاکستان سے متصادم قانون سازی ہر گز نہ کرے،جس سے اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑایا جائے۔ حکومت غیرشرعی بل واپس لے۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، جنرل سیکرٹری علامہ شاہ نواز فاروقی، پیر جی خالد محمود قاسمی، علامہ شبیر احمد عثمانی، سید سمیع اللہ حسینی،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری، میاں محمد طیب ایڈووکیٹ، صدر پنجاب مولانا مشتاق لاہوری، صدر بلوچستان مفتی عبدالوحید،صدر گلگت بلتستان قاری وزیر علی، صدر سندھ مولانا عبدالماجد فاروقی، صدر آزاد کشمیرمولانا ممتاز الحق قاسمی،صدر خیبر پختونخواہ مولانا بلال نے اپنی مشترکہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ 18سال سے کم عمری کی شادی کو زیادتی، چائلڈ ابیوز قراردے کر اس پر سزائیں مقرر کرنا اسلامی احکام سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر پاکستان میں موجود تمام مکاتب فکر کے علماء اور رہنماؤں نے اس بل کو مسترد کردیا ہے۔کم عمر شادی سے متعلق انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ اسلام سب سے زیادہ بچوں اور بچیوں کو ان کے حقوق دیتا ہے اور بچوں کے تحفظ کا ضامن ہے۔ پارلیمنٹ میں موجود تمام دینی طبقات کی آواز مولانا فضل الرحمن کے موقف کی تائید کرتے ہیں او رتمام دینی جماعتیں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

آئینی ادارہ اسلامی نظریاتی کونسل نے پارلیمنٹ میں کم عمر شادی کے بل کی منظوری کے بعد اور صدر پاکستان کے دستخط سے پہلے اس بل کو غیر اسلامی قراردیا ہے۔ اس بل کو قرآن و سنت کی تعلیمات اور آئین پاکستان سے متصادم قرار دیا ہے۔اس کے باوجود حکومت نے اس غیر اسلامی بل کو پاس کیا۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طورپر اس بل کو واپس لیا جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات