پی ٹی وی ملازمین کو ڈگری تصدیق کا حتمی نوٹس جاری، عدم تعمیل پرملازمت ختم کرنے کا انتباہ

ڈگری تصدیق میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیربرداشت نہیں کی جائے گی، انتظامیہ

پیر 2 جون 2025 14:35

پی ٹی وی ملازمین کو ڈگری تصدیق کا حتمی نوٹس جاری، عدم تعمیل پرملازمت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ہیڈکوارٹرز نے تمام ریگولر، کنٹریکٹ اور پروفیشنل ملازمین کو اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) سے ڈگری تصدیق کرانے کے لیے حتمی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ پی ٹی وی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن ملازمین نے 31 جنوری 2025 کی مقررہ ڈیڈلائن تک ہدایات پر عمل نہیں کیا، انہیں ایک ہفتے کی مہلت دی جا رہی ہے کہ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے تصدیق شدہ اپنی ڈگریوں کی نقول متعلقہ شعبے میں جمع کرائیں۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں ڈگری ویریفیکیشن مکمل نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، جس میں معطلی، تنزلی اور حتیٰ کہ ملازمت کے خاتمے جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے تمام ملازمین کو فوری طور پر ڈگری تصدیق کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ پی ٹی وی کے تمام مراکز کو تحریری ہدایت نامہ بھی بھیج دیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔

پی ٹی وی انتظامیہ نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈگری تصدیق میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون کے مطابق سرکاری ادارے میں ملازمت کے لیے مستند اور تصدیق شدہ تعلیمی اسناد بنیادی ضرورت ہیں، اور اس پالیسی پر مکمل عملدرآمد ادارے کی ساکھ اور شفافیت کے لیے ناگزیر ہے۔