Live Updates

مہاراشٹر ،ڈاکٹر ساتھی کو مسلمان مریضہ کو مارنے کا کہہ رہا ہے، آڈیو وائر ل

مودی حکومت کے تحت نفرت نے بھارتی معاشرے کو اوپر سے نیچے تک متاثر کررکھا ہے

پیر 2 جون 2025 15:24

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء) بھارت میںایک حیرت انگیز اورشرمناک واقعے سے ایک بارپھر یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ کس طرح مودی کی ہندوتوا حکومت کے تحت نفرت نے بھارتی معاشرے کو اوپر سے نیچے تک متاثر کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وائرل ہونے والی ایک آڈیو کلپ میں سنا جاسکتا ہے کہ ریاست مہاراشٹر کے ایک سرکاری اسپتال میں ایک ڈاکٹر اپنے ساتھی کو کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مسلمان خاتون کو مارنے کے لیے کہہ رہا ہے۔

ادگیر کے سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر ششی کانت دیش پانڈے اور ان کے ساتھی ڈاکٹر ششی کانت ڈانگے کے درمیان ہونے والی مبینہ بات چیت وائرل ہوئی ہے ۔ اس گفتگو کے چار سال بعد جس میں دیش پانڈے کو اپنے ساتھی کو ایک خاتون مریضہ کوثر فاطمہ دیامی کو قتل کرنے کا کہتے ہوئے سنا جاسکتاہے، اب مہاراشٹرا پولیس نے اس کے خلاف مبینہ بدکاری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر دیشپانڈے کورونا وباء کے دوران اسپتال میں سرجن تھے۔وائرل کلپ میں ڈاکٹر دیشپانڈے کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’’کسی کو اندر جانے کی اجازت مت دینا، بس اس دیامی عورت کو مار ڈالو،اور اس کے جواب میں ڈاکٹر ڈانگے کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ آکسیجن سپورٹ پہلے ہی کم کر دی گئی ہے‘‘۔کوثر فاطمہ کا 15اپریل 2021کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور انہیں لاتور کے ادگیر سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

دس دن بعدانہیں صحت یاب ہونے پر چھٹی دے دی گئی۔ فاطمہ کے شوہر عظیم الدین غیاث الدین نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ اس وقت وہاں موجود تھے اور انہوں نے ڈاکٹروں کے درمیان ہونے والی بات چیت کو سنا تھا۔ ڈاکٹر ڈانگے کھانا کھا رہاتھا اوراس نے فون اسپیکر پر رکھ دیا تھا۔ اس نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹر دیش پانڈے نے ذات پات پر مبنی باتیں بھی کیں اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی، لیکن وہ خاموش رہے کیونکہ ان کی بیوی کا علاج ہورہا تھا۔

اگرچہ خاتون کووِڈ سے مکمل طور پر صحت یاب ہو گئی تھی لیکن برسوں بعد یہ آڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ منظر عام پر آئی ہے جس کے بعد اس کے شوہر نے شکایت درج کرائی ہے۔ ادگیر سٹی پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جائے گی۔ عظیم کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران توہین آمیز باتوں کو دوبارہ یاد کرنے سے ان کو تکلیف پہنچتی ہے۔ ادگیر سٹی پولیس نے بتایا ہے کہ انہوں نے دیش پانڈے کا فون ضبط کر لیا ہے اور انہیں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے حاضر ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات