ایف آئی ایچ نیشن کپ کوالالمپور ،ملائشیا میں شرکت کیلئے قومی ٹیم اسکواڈ کا اعلان

پیر 2 جون 2025 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں 15 جون تا 21 جون کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ نیشن کپ میں شرکت کیلئے سینئر ہاکی ٹیم اسکواڈ کا اعلان کر دیاگیا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین طاہر زمان نے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایچ ایف صدر میر طارق حسین بگٹی کی منظوری کے بعد ٹیم اسکواڈ کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیر زادہ ،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خاں بھی موجود تھے۔منتخب کھلاڑیوں میں کپتان عماد بٹ،منیب الرحمن ،عبداللہ اشتیاق، محمد عبداللہ ، محمد سفیان خان، عبدالمنان، حماد انجم ، ارشد لیاقت، معین شکیل، زکریا حیات، غضنفر علی، سلمان رزاق ، جنید منظور ، عبدالحنان شاہد، رانا وحید، افراز خان، عبدالرحمن ، احمد ندیم، محب اللہ اور رانا ولید شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہاکہ ہاکی فنڈز کے کیلئے بات چیت جاری ہے، پولینڈ میں رہ جانیوالے کھلاڑیوں پر پابندی عائد ہے۔ طارق بگٹی نے کہاکہ قومی پلیئرز کو ڈیکی الاونسز ادا کررہے ہیں۔ کوچ طاہرزمان نے کہاکہ نیشنز کپ میں کامیابی کیلئے پر امید ہیں،ہاکی ٹیم کی بحالی کیلئے پرو لیگ تک رسائی ضروری ہے۔ طاہرزمان نے کہاکہ قومی پلیئرز اچھا پرفارم کرنے کیلئے پرجوش ہیں۔ یاد رہے کہ نیشنز کپ کا آغاز 15جون سے ملائیشیا میں ہوگا،پاکستان پول بی میں نیوزی لینڈ، ملایشیا، جاپان کیساتھ شامل ہیں جبکہ پول اے میں فرانس، کوریا، جنوبی افریقہ، ویلز شامل ہیں ۔