پاکستان پیڈل رینکنگ کپ 2025 ء میں مردوں کے ایونٹ میں پیڈل اسٹار

خواتین میں ٹرائبز اور بوائز انڈر 14 سپر اسٹرائیکرز کی ٹیموں نے میدان مار لئے

پیر 2 جون 2025 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیر اہتمام کھیلی گئی پاکستان پیڈل رینکنگ کپ 2025 ء میں مردوں کا ٹائٹل پیڈل اسٹار نے جیت لیا جبکہ خواتین میں ٹرائبز کی ٹیم نے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا اور بوائز انڈر 14 کے ایونٹ میں سپر اسٹرائیکرز کی ٹیم نے میدان مار لیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی میئر کراچی بیریسٹر مرتضی وہاب تھے جنہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، اسناد اور کیش ایوارڈ تقسیم کئے۔

اس موقع پر پاکستان پیڈل فیڈریشن کے صدر محمد متین، سی ای او مدثر رزاق، نائب صدر سید رحمان الدین، سیکرٹری جنرل قرت العین، فنانس سیکرٹری کریمہ بانو، پاکستان تھرو بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول احمد آرائیں اور سپورٹ ان کے سہیل بوہرہ کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں اول آنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے بمعہ ونر ٹرافی، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 50 ہزار روپے بمعہ رنر اپ ٹرافی اور تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 25 ہزار روپے سے نوازا گیا۔

گزشتہ روزاسپورٹ آن کراچی میں ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے کھیلے گئے۔ مردوں کی کیٹگریز کے مقابلوں میں پیڈل اسٹار کی ٹیم چیمپئن بن گئی جبکہ کیچ برادرز اور ٹائیگرز کی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کیٹیگریز کے مقابلوں میں ٹرائبز کی ٹیم نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ ایم یو وی اور کنٹرول ایکس پاور کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔بوائز انڈر 14 کیٹگریز کے مقابلوں میں سپراسٹرائیکرز نے پہلی اور الاوالا نے دوسری جبکہ اے ٹو برادرز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔