بجلی چوری میں ملوث لیسکو افسر یا ملازم کو سخت سزا دی جائیگی،انجینئر محمد رمضان بٹ

پیر 2 جون 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بجلی چوری تمام خرابیوں کی جڑ ہے،اگر کوئی لیسکو افسر یا اہلکار بجلی چوری میں ملوث پایا گیا تو اسے عام بجلی چور سے زیادہ سزا دی جائیگی۔جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لیسکو کے اہلکار بجلی چوروں کو پکڑنے کیلئے اپنی زندگیاں دائو پر لگاتے ہیں،یہاں تک کے آپریشن کے دوران افسران و اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے لیکن ہماری ٹیمیں کبھی گھبرا کر پیچھے نہیں ہٹتیں،جو لوگ بجلی چوروں کو پکڑنے کیلئے ماریں کھا رہے ہیں وہ خود بجلی چوری میں کیسے ملوث ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم، وزیر توانائی،بی او ڈی،پاک فوج،ایجنسیاں،رینجرز اور پولیس سب ایک پیج پر ہیں،ماضی میں بااثر افراد نے نوگو ایریاز بنائے ہوئے تھے جہاں جانے پر لیسکو اہلکاروں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا لیکن اب صورتحال بدل گئی ہے،رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد سے ایسے علاقوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کیلئے لیسکو ڈیجیٹل سسٹم لا رہا ہے،جس کے بعد نہ صرف صارف بذریعہ ایپ اپنی شکایت درج کروا سکیں گے بلکہ لائن سٹاف کی نقل و حرکت کو بھی مانیٹر کر سکیں گے۔