چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس

پیر 2 جون 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، ڈی جی پلاننگ، ڈی جی سپیشل پراجیکٹس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے، ڈائریکٹر ایڈمن، آئی سی ٹی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں/ کوآپرٹیو سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات اخبارات میں مشہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔تاکہ عوام سرمایہ کاری سے پہلے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت کے بارے میں مکمل آگاہی جوکہ سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ اور سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے اسلام آباد کی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی قانونی حیثیت کے بارے میں حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپرٹیو سوسائٹیوں میں پلاٹس کی غیر قانونی ٹرانسفر خصوصا سی ڈی اے کو ٹراسفر فیس جمع نہ کروانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپرٹیو سوسائٹیوں کو بلڈنگ اور دیگر تعمیراتی میٹریل فروخت کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو تعمیراتی میٹریل کی فروخت سے پہلے متعلقہ دکاندار سوسائٹی سے ان کے لے آوٹ پلان اور این او سی کی منظوری کی کاپی دیکھنے کے بعد ہی تعمیراتی میٹریل فروخت کیا جائے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو تعمیراتی میٹریل فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔