ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قتل کیسے ہوا؟ والدہ نے آنکھوں دیکھی حقیقت بیان کردی

قتل کا مقدمہ والدہ کی مدعیت میں درج کرتے ہوئے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 جون 2025 11:50

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا قتل کیسے ہوا؟ والدہ نے آنکھوں دیکھی حقیقت بیان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2025ء ) ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا مقدمہ والدہ کی مدعیت میں درج کرتے ہوئے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ثناء یوسف کی والدہ فرزانہ یوسف نے بتایا کہ شام 5 بجے ایک نامعلوم شخص ہمارے گھر داخل ہوا جس نے کالے رنگ کی شرٹ اور ٹراؤزر پہنا ہوا تھا اس کے ہاتھ میں پستول تھا، واقعے کے وقت میرے شوہر گھر پر نہیں تھے، میرا 15 سالہ بیٹا بھی ہمارے گاؤں چترال گیا ہوا تھا۔

مقتولہ کی والدہ نے بتایا کہ ملزم نے قتل کے ارادے سے کمرے میں موجود میری بیٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ثناء کو دو گولیاں سینے پر لگیں، ہمارے شور کرنے پر نامعلوم شخص موقع سے بھاگ گیا اور اہل محلہ جمع ہو گئے، میں اپنی زخمی بیٹی کو ہمسائیوں کی گاڑی میں ڈال کر ہسپتال پہنچی تاہم وہ خموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی، میری نند لطیفہ شاہ جو بطور مہمان ہمارے گھر میں موجود تھی اس واقعے کی گواہ ہے، میں اور میری نند لطیفہ شاہ ملزم کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ثناء یوسف کا پمز سے پوسٹمارٹم کروانے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے جدید طرز پر تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، ملزم کسی صورت بچ نہیں پائے گا، ملزم کی ہرصورت فوری گرفتاری کا حکم دے دیا گیا ، اس مقصد کے لیے سیف سٹی کیمروں کا استعمال کیا جارہا ہے اور واقردات والے گھر کی جیوفینسگ بھی کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ چترال سے تعلق رکھنے والی معروف انفلوئینسر ثناء یوسف کو اسلام آباد میں قتل کردیا گیا، ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے جی تیرہ میں ان کے عزیزوں کے ہاں نامعلوم ملزم نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کیا، ثناء یوسف کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج سے تھا اور وہ مشہور سماجی کارکن اور تحریک تحفظ حقوق چترال کے سرگرم رُکن یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں۔