Live Updates

ایف بی آر اصلاحات کی جانچ کیلئے عالمی اداروں کی خدمات کی ہدایت خوش آئند ہے‘ خادم حسین

تمام شعبوں میں جاری اصلاحات کی کڑی مانیٹرنگ نا گزیر ہے ‘ رکن بورڈ آف ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

منگل 3 جون 2025 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایف بی آر میں جاری اقدامات و اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت انتہائی خوش آئند ہے ، معیشت پر نظر رکھنے والے طویل عرصے سے اس کا مطالبہ کر رہے تھے کیونکہ وہ نتائج نظر نہیں آرہے جس کا دعوی کیا جارہا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت قومی اداروں میں پائیدار اصلاحات کے ذریعے ملک کو مستحکم معیشت بنانے کے لیے پرعزم ہے لیکن اس کے لئے پالیسیوں کاتسلسل نا گزیر ہے ، ایف بی آر سمیت تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ وزیر اعظم خود جائزہ اجلاسوں کی صدارت کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے اپیل ہے کہ عام ٹیکس دہندگان کے لیے سادہ اور ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن نظام متعارف کرایا جائے ، ایف بی آر کے سسٹم کو آٹو میشن پر لایا جائے تاکہ محکمے کے افسران ، عملے اور ٹیکس دہندگان کے درمیان آمنا سامنا نہ ہو اس سے نہ صرف کرپشن کا راستہ رکے گا بلکہ ٹیکس کی آمدن بھی بڑھے گی ۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات