سانگلہ ہل ،سائلین کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر

منگل 3 جون 2025 14:30

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح ضلع ننکانہ صاحب کی تینوں تحصیلوں میں بھی ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے ضلع کونسل ہال میں عوامی خدمت کچہری کی صدارت کی جبکہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل سنے اور انکے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، تحصیلداران ، نائب تحصیلداران ، سب رجسٹرار ، پٹواری حضرات، عملہ اراضی ریکارڈ سینٹر سمیت سائلین کی بڑی تعداد بھی عوامی خدمت کچہری میں موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے آنے والے سائلین کے مسائل سنے اور انکے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

سائلین نے مسائل موقع پر حل ہونے پر حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سائلین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں سے پٹواریوں کے دفاتر کے چکر لگا رہے تھے لیکن مسائل حل نہیں ہوئے۔آج خدمت کچہری میں موقع پر مسائل حل ہو گئے ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر ہفتے میں عوامی خدمت کچہری کا انعقاد ہونا چاہیے تاکہ ہمارے مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل ہو جائیں۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائلین کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

عوامی خدمت کچہریوں کے ذریعے شہریوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے متعدد سروسز کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ریونیو سے متعلقہ سائلین کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ نا قابل برداشت ہے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیہی مراکز مال میں عوام کو پٹوار کلچر سے نجات دلانے ، درستگی ریکارڈ، فردات کے اجرائ، انتقالات کے اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفیکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کے اجراءاور تصدیق انتقال کی کمپیوٹرائزڈ خدمات کی شفاف انداز میں شہریوں تک فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔\378