عید الاضحی کی آمد ، لاہور کی اہم شاہراہیں، پل اور انڈر پاسز رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھے

پارکس، اہم شاہراؤں پر گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور پودوں درختوں کی کانٹ چھانٹ اور تزہین و آرائش کا کام جاری

منگل 3 جون 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عید الاضحی سے قبل گرین اور روشن لاہور منصوبے کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کو نئی زندگی بخش دی ہے جبکہ پارکس، اہم شاہراؤں پر گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور پودوں درختوں کی کانٹ چھانٹ اور تزہین و آرائش کا کام جاری ہے۔

شہر کے مختلف مقامات جیسے مال روڈ، دھرم پورہ انڈر پاس، ایف سی انڈر پاس، فیروزپور انڈر پاس، جیل روڈ، گلبرگ آزادی فلائی اوور، ستوکتلہ، میاں میر پل سمیت متعدد علاقوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں اور خوبصورت ماڈلز سے سجا دیا گیا ہے۔ پی ایچ اے نے گزشتہ سال نصب کی گئی لائٹنگ اور ماڈلز کو جدید طرز پر ازسرنو ڈیزائن کر کے مکمل طور پر فعال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان روشن، خوبصورت ماڈلز نے نہ صرف شہریوں کی توجہ حاصل کی ہے بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد عمر شیر کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ پر پارکس میں صفائی ستھرائی، بیت الخلاء، سیکورٹی اور صاف پانی کی فراہمی کویقینی بنایا جائے گا۔ شہر کی تزئین و آرائش کے اس منصوبے کو مستقل بنیادوں پر وسعت دی جائے گی اور آئندہ دنوں میں مزید مقامات پر روشنیوں اور ماڈلز کی تنصیب کی جائے گی تاکہ لاہور ایک روشن اور دلکش شہر کے طور پر نمایاں ہو۔