پنجاب کے 9 ڈویژنز کیلئے الیکٹرک بسیں منظور، ایک سال میں ایئرلائن شروع کرنے کا ہدف

وزیراعلیٰ نے تمام بڑوں شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کردی، صوبائی کابینہ نے لاہور میں 1100 بلاسود الیکٹرک ٹیکسیوں کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 جون 2025 17:03

پنجاب کے 9 ڈویژنز کیلئے الیکٹرک بسیں منظور، ایک سال میں ایئرلائن شروع ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون 2025ء ) پنجاب حکومت نے صوبے کے 9 ڈویژنز کیلئے الیکٹرک بسوں کی منظوری دے دی، ایک سال میں ایئرلائن شروع کرنے کا بھی ہدف دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 101 ایجنڈا پوائنٹس پیش کیے گئے، عوام کو ریلیف کے لیے صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ پنجاب کی پہلی ’ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی‘ کے قیام کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ نے ایک سال کے اندر ایئر پنجاب شروع کرنے کا ٹارگٹ دے دیا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں صوبائی کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025ء کی منظوری بھی دی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکیج دینے جارہے ہیں، پنجاب میں گندم کے 5 لاکھ 14 ہزار کاشت کاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے سبسڈی کی ادائیگی مکمل کر لی گئی ہے، مزید 5 لاکھ کاشتکاروں کو تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مزدوروں اور کارکنوں کے لیے سیفٹی گیئر یقینی بنانے کا حکم دیا اور لیبر ڈپارٹمنٹ کو ایک ماہ کے اندر ورکرز کے لیے حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا ٹارگٹ دیا، انہوں نے کہا کہ مزدور 5 منزلہ عمارت سے گر کر مر جاتے ہیں اس پر حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی، گٹروں میں صفائی کے لیے اترنے والے ورکرز کو ہر صورت حفاظتی کٹ مہیا کی جائے۔

علاوہ ازیں پنجاب کابینہ نے صوبے کے 9 ڈویژنز میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری دی، وزیراعلیٰ نے تمام بڑوں شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی ہدایت کی، پنجاب آٹزم اسکول اینڈ ریسورس سینٹر لاہور ایکٹ 2025ء کی منظوری کے بعد مریم نواز نے آٹزم سینٹر میں سب مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کا حکم دیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تمام اسکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف دے دیا، 40 ارب روپے سے ہر اسکول میں کلاس روم، ٹائلٹ بلاک، فرنیچر اور لیبارٹریز بنائی جائیں گی۔

بتایا جارہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے لیبر ڈپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ورکرز اور کان کنوں کے لیے راشن کارڈ کی منظوری دی، لاہور میں 1100 بلاسود الیکٹرک ٹیکسیوں کی فراہمی، پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی، چھانگا مانگا وائلڈ لائف، لال سونرا، نیشنل پارک میں ایکو ٹوورزم کے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی، پنجاب کابینہ نے کاشتکاروں کی سہولت کے لیے الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیٹ سسٹم کے نفاذ اور جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو کیلئے روڈا سے زمین کی خریداری کے لیے 40 کروڑ گرانٹ کی منظوری بھی دی۔