Live Updates

جنرل انیل چوہان کے اعتراف نے بھارتی دفاعی حکمت عملی کی ناکامی ظاہرکردی

منگل 3 جون 2025 20:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء) جنرل انیل چوہان کے اعتراف نے بھارتی دفاعی حکمت عملی کی ناکامی ظاہر کردی، آپریشن سندور میں لڑاکا طیاروں کے نقصانات کا اعتراف، مودی سرکار کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بھارتی فضائیہ کی ناکامی تسلیم کر لی ۔ بھارتی تجزیہ نگاروں نے سی ڈی ایس انیل چوہان پر شدید تنقید کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے نقصان کو چھپانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا بھی سی ڈی ایس پر برس پڑا، آپریشن سندور کی حقیقت سامنے آنے پر ہلچل۔ بھارتی تجزیہ نگار کے مطابق سی ڈی ایس کے متضاد بیانات نے نئے سوال کھڑے کر دیے، حیران کن بات یہ ہے کہ سی ڈی ایس کے مطابق ہمارے ایک سے زائد جہاز گرائے گئے، انہوں نے کہا بھارتی فوج کے افسران کی جانب سے بار بار مخصوص زبان کا استعمال شکوک پیدا کر رہا ہے، پاک بھارت کشیدگی کے دوران مودی سرکار کی جانب سے جو ہوا اور جو کہا جا رہا ہے، ان دونوں میں فرق محسوس ہو رہا ہے، سی ڈی ایس انیل چوہان نے وہی بات کہی جو دنیا سات اور آٹھ مئی کو جان چکی تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی تجزیہ نگار نے سوال اٹھا یا کہ جب حقیقت سب کو معلوم تھی، تو بھارت اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کیوں کر رہا ہی انیل چوہان نے اہم نکتہ اٹھایا کہ بھارتی جہازوں کا گرنا مسئلہ نہیں ہے، گرنے کی وجہ تلاش کی جائے۔ بھارتی تجزیہ نگار کا مزید کہنا ہے کہ سی ڈی ایس کا سچ بولنا قابلِ تحسین، مگر سرکار سے سوال تو اب بھی باقی ہیں۔ ڈی جی ایم اوز کا پریس کانفرنس میں تسلی بخش جواب نہ دینا ہی نقصانات کا اشارہ دے رہا تھا۔

ڈی جی ایئر کا نقصانات کے سوال پر یہ کہنا کہ ہم ابھی بھی حالت جنگ میں ہیں، بھارتی فضائیہ کے نقصانات کا عندیہ تھا۔ سی ڈی ایس کی جانب سے پاکستان کی جوابی کاروائی میں حتمی تعداد کا بتائے بغیر بھارتی جیٹ گرنے کا اعتراف بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ بین الاقوامی اخباروں میں چھپ رہی خبروں کے بیچ انٹرویو میں سی ڈی ایس کا اعتراف یہ سوال بھی پیدا کرتا ہے کہ مودی سرکار ہم سے کیا چھپا رہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات