سپریم کورٹ نے عارضی ملازم کو مستقل ملازم کے طور پر مراعات اور بقایاجات دینے سے سانگھر شوگر مل کی اپیل مسترد کردی

منگل 3 جون 2025 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)سپریم کورٹ نے عارضی ملازم کو مستقل ملازم کے طور پر مراعات اور بقایاجات دینے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سانگھر شوگر مل کی اپیل مستر د کردی ہے ۔سپریم کورٹ میں عارضی ملازم کو مستقل ملازم کے طور پر مراعات اور بقایاجات دینے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سانگھر شوگر مل کی اپیل کی سماعت ہوئی۔

اپیل کنندہ کے وکیل نے انڈین سپریم کورٹ کے فیصلے کا تذکرہ کیا۔ جسٹس محمد علی مظہر بار بار بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میم کہا کہ انڈین کورٹ کے فیصلے کو رہنے دیں، ان کے اپنے قوانین ہیں اور ہمارا اپنا قانون ہے۔ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس میں کہا کہ شوگر ملز ملازمین بیچاروں سے کام بھی لیتی ہے اور جب چاہے نکال بھی دیتے ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ قانون کے مطابق مستقل پوسٹ ہے، ملازمین کو نکال دیں گے تو پلانٹ ہی بند ہوجائے گا۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ ساری زخیرہ اندوزی والی چینی شوگر ملوں میں رکھی ہوئی ہوتی ہے۔ جسٹس محمد علی مظہرنے ریمارکس دیئے کہ شوگر ملز سیزن میں چلتی ہیں مگر گئی ڈیپارٹمنٹ تو پورا سال چلتے ہیں۔ عدالت عظمی نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سانگھر شوگر مل کی اپیل مسترد کردی۔

سپریم کورٹ سروسز ٹربیونل اور سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔ سانگھر شوگر ملز نے سینئر آپریٹر دادو کو مستقل ملازم کے طور پر بقایاجات اور مراعات دینے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سروسز ٹربیونل اور سندھ ہائیکورٹ نے دادو کی درخواست پر شوگر ملز کو ملازمت پر بحال کرتے ہوئے مراعات اور تنخواہ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔