کراچی: چینی کانوائے پرخود کش حملہ کیس، حتمی چالان جمع نہ ہونے پرعدالت برہم

عدالت نے تفتیشی افسر کو 10 جون تک مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا

منگل 3 جون 2025 21:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر خودکش حملے کے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے حتمی چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ پانچ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن حتمی چالان اب تک پیش نہیں کیا جا رہا۔

(جاری ہے)

عدالت نے سوال اٹھایا کہ ہر بار مہلت مانگی جاتی ہے، آخر کب تک صرف وقت ہی مانگا جاتا رہے گا ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے بھی عدالت میں شکایت کی کہ بار بار تاریخیں دی جا رہی ہیں لیکن پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔تفتیشی افسر نے ایک بار پھر عدالت سے مہلت طلب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اگلی سماعت پر حتمی چالان جمع کرا دیا جائے گا۔عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو 10 جون تک مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس میں پولیس کے مطابق ملزمہ گل نسا اور جاوید کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ دونوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔