Live Updates

تمباکو نوشی صحت، معیشت ،معاشرت کے لیے خاموش قاتل ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 3 جون 2025 21:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) تمباکو نوشی کے خلاف عالمی مہم کے سلسلے میں سیالکوٹ میں ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے تمباکو نوشی کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے "صحت، معیشت اور معاشرت کے لیے خاموش قاتل" قرار دیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی نہ صرف پھیپھڑوں، دل اور منہ کے کینسر جیسی مہلک بیماریوں کا سبب بنتی ہے بلکہ ہر سال ہزاروں پاکستانیوں کی جان لے لیتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں نوجوان طبقہ تمباکو کی مصنوعات کا سب سے زیادہ شکار ہو رہا ہے، جس سے آنے والی نسلیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمباکو نوشی کا خاتمہ صرف صحت کی وزارت کی نہیں بلکہ ہر باشعور فرد کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمباکو مصنوعات پر ٹیکس میں مزید اضافہ کیا جائے، تعلیمی اداروں کے قریب سگریٹ کی فروخت پر مکمل پابندی لگائی جائے اور میڈیا پر انسدادِ تمباکو مہمات کو وسعت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے نصاب میں انسدادِ تمباکو سے متعلق مضامین شامل کیے جائیں۔منعقدہ تقریب میں، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور مقامی انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مقررین نے تمباکو سے متعلق حالیہ عالمی و قومی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے معاشی نقصانات پر بھی روشنی ڈالی۔ آخر میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تمام شرکاء سے وعدہ لیا کہ وہ خود بھی تمباکو نوشی سے دور رہیں گے اور دوسروں کو بھی اس سے باز رکھنے کی مہم میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات