وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت شاہراہ بھٹو منصوبے پر پیش رفت بارے اجلاس،شاہراہ فیصل سے قائدآباد انٹرچینج تک کا حصہ عید کے بعد کھولنے کا اعلان

منگل 3 جون 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت شاہراہِ بھٹو منصوبے پر پیشرفت سے متعلق اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں منصوبے کی نمایاں پیشرفت اور عید کے فوراً بعد سڑک کے ایک اہم حصے کو ٹریفک کے لیے کھولنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا۔جاری اعلامیہ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پی ایس سی ایم آغا واصف، سیکریٹری بلدیات محمد وسیم، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر شاہراہِ بھٹو نیاز سومرو اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں منصوبے کے مختلف حصوں کی پیشرفت اور باقی کام کو تیز کرنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو منصوبے کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بتایا گیا کہ شاہراہ فیصل سے قائدآباد انٹرچینج تک شاہراہِ بھٹو پر تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یہ سڑک عید کے فوراً بعد ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی۔

مزید بتایا گیا کہ جام صادق پل سے شاہراہ فیصل تک کا سیکشن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی افتتاح کر چکے ہیں۔ جام صادق پل کے داخلی راستے پر تقریباً 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ بقیہ کام ییلو لائن انفرااسٹرکچر مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ ای بی ایم انٹرچینج کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ قائدآباد انٹرچینج کا جنوبی حصہ 98 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

اجلاس میں سموں گوٹھ میں تعمیر ہونے والے چار کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں 556 پائلز میں سے 517 نصب ہو چکی ہیں اور 39 باقی ہیں جبکہ 1380 گارڈرز میں سے 520 نصب کیے جا چکے ہیں اور 860 باقی ہیں۔ اس حصے کا 44.4 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور حکام کو ہدایت دی کہ عوامی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے جام صادق اور قائدآباد انٹرچینجز کی جلد تکمیل کو ترجیح دی جائے۔