نادرا اسمارٹ کارڈ سکینڈل،سابق چیئرمین طارق ملک سمیت 12افسران کیخلاف مقدمہ درج

ملزمان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور امانت میں خیانت کے الزامات عائد،ذرائع

منگل 3 جون 2025 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)ایف آئی اے نے نادرا کے اسمارٹ کارڈ اسکینڈل میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں سابق چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت 12افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر کارروائی کی ۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق نادرا حکام پر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا)رولز کی خلاف ورزی، کک بیکس اور کمیشن کے عوض قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔مقدمے میں چیف پراجیکٹ آفیسر سمیت دیگر افسران کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے جن پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور امانت میں خیانت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ نادرا نے اسمارٹ کارڈز کی خریداری مارکیٹ ریٹ سے کئی گنا زیادہ قیمت پر کی، مارکیٹ میں فی کارڈ کی قیمت 3سینٹ تھی جبکہ نادرا نے 99سینٹ فی کارڈ کے حساب سے خریداری کی۔2020میں فی کارڈ قیمت 68سینٹ تھی جو 2022میں اچانک بڑھ کر 99سینٹ کر دی گئی۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایک مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹینڈر کے عمل میں دانستہ تبدیلیاں کی گئیں۔ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور نادرا کے مزید افسران کو ملزم نامزد کیا جا سکتا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ اس اسکینڈل سے متعلق اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے مزید انکشافات متوقع ہیں۔