Live Updates

ایلون مسک کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید

بدھ 4 جون 2025 10:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے ٹیکسوں اور اخراجات سے متعلق بل کو ’’گھناؤنا اور شرمناک‘‘ اقدام قرار دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ وہ معذرت چاہتے ہیں لیکن مزید یہ برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا، ان کو علم ہے کہانہوں نے غلط کیا ۔

ایکس پر ایک اور پوسٹ میں ایلون مسک نے ایوان کے حوالے سے کہا کہ کانگریس امریکا کو دیوالیہ کر رہی ہے۔ ایلون مسک نے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ میں 129 دن کام کرنے کے بعد گزشتہ ہفتے علیحدگی اختیار کر لی تھی، جس کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ حکومتی پالیسی کے خلاف سخت بیان دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹیکسوں اور اخراجات کا بل ایوان نمائندگان سے منظوری کے بعدان دنوں سینیٹ میں زیرِ بحث ہے۔

اس بل کے قانونی شکل اختیار کرنے کی صورت میں ان سبسڈیز میں بھی کمی آئے گی جن سے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کو فائدہ پہنچتا رہا ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران جب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولائین لیویٹ سے ایلون مسک کی تنقید کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ صدر کو پہلے ہی بل کے حوالے سےایلون مسک کے مؤقف کا علم ہے، اس سے صدر کی رائے نہیں بدلے گی۔ یہ ایک بڑا، خوبصورت بل ہے اور وہ اس پر قائم ہیں۔ اس بل کی منظوری سے بجٹ خسارہ مزید بڑھ جائے گا، دفاعی اخراجات اور غیرقانونی تارکین کی ملک بدری کے لئے مزید فنڈز فراہم کئےجائیں گے جبکہ حکومت کی قرض لینے کی حد بھی چار کھرب ڈالر تک بڑھ جائے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات