Live Updates

لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداؤں سے مناسک حج کا آغاز

لاکھوں عازمین حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ کل ادا کیا جائے گا، میدان عرفات میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید خطبہ حج دیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 4 جون 2025 10:40

لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداؤں سے مناسک حج کا آغاز
مکہ مکرمہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 جون 2025ئ)لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداوں کے ساتھ مناسک حج 1446ھ کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ کو ہو رہا ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے، عازمین حج آج رہائش گاہ سے احرام باندھنے کے بعد 2 رکعت نفل ادا کر کے منیٰ روانہ ہوں گے۔

حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ کل ادا کیا جائے گا۔عازمین حج منیٰ میں کی خیمہ بستی میںآج کا دن عبادات، دعا اور استغفار میں گزاریں گے۔عازمین حج آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاءکی نماز ادا کریں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف کیلئے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔میدان عرفات میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے اور نمازِ ظہر و عصر کی امامت کریں گے۔

(جاری ہے)

عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے اور مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔حجاج کرام کل مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور دس ذوالحج کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے۔

بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے۔حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے۔ طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے۔ 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔

13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔اس سال مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کی شرکت متوقع ہے، جن میں لاکھوں مقامی اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔مقامات مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے فیلڈ ہسپتال، ڈسپنسریاں اور عارضی کلینکس قائم کیے گئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے 8 ایئر ایمبولینس بھی فراہم کی گئی ہیںجبکہ پاکستان حج مشن نے پاکستانی عازمین کیلئے مخصوص مکاتب میں طبی سہولیات مہیا کی ہیں۔سیکیورٹی کے پیش نظر 40 ہزار فوجی جوان اور 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔اس سال سعودی حکومت نے غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے خلاف سخت اور غیر معمولی اقدامات کئے ہیں۔ اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔اس کے علاوہ رائل سعودی سیکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹرز مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی فضائی نگرانی بھی کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رکھی جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات