Live Updates

غزہ میں امدادی سامان حاصل کرنے کے لئے جمع فلسطینیوں کا قتل قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے،اقوام متحدہ

بدھ 4 جون 2025 12:15

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں خوراک اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد کے حصول کے لئے جمع فلسطینیوں کا قتل قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔وام کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ خوراک اور امداد ی سامان لینے کے لئے جمع فلسطینیوں کا بہیمانہ قتل اور ان کو زخمی کرنا قابل مذمت اقدام ہے اور یہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

سیکرٹری جنرل نے غزہ میں شہریوں کو درپیش سنگین خطرات پر روشنی ڈالی جن میں سے اکثر خوراک حاصل کرنے کی کوشش میں بھی مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے فلسطینیوں کے مناسب خوراک اور بھوک سے آزادی کے بنیادی حق کی توثیق کرتے ہوئے ان واقعات کی فوری و آزادانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انتونیو گوتریش نے کہا کہ غزہ کی آبادی کی ضروریات پوری نہیں ہو رہیں، بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اسرائیل کی ذمہ دار ی ہے کہ وہ تمام ضرورت مند شہریوں کے لیے انسانی بنیاد پر امداد کی اجازت اور سہولت فراہم کرے۔

انہوں نے غزہ میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کے فوری اور بلا روک ٹوک دوبارہ داخلے کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کو انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق محفوظ طریقے سے کام کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔سیکرٹری جنرل نے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور فوری، دیرپا اور پائیدار جنگ بندی کے لیے اپنے مطالبات کی تجدید کی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات