بلوچستان اسمبلی میں انسداد دہشتگردی ترمیمی قانون منظور

دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انہیں حراستی مراکز میں رکھا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 4 جون 2025 13:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)بلوچستان اسمبلی نے انسداد دہشت گردی کے ترمیمی مسودہ قانون کومنظورکرلیا۔تفصیلا ت کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر عبدالخالق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں انسداد دہشت گردی کے ترمیمی مسودہ قانون پر بحث ہوئی اور اسے منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی شاہدہ رؤف نے مطالبہ کیا کہ ترمیمی قانون کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور کچھ عناصر ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انہیں حراستی مراکز میں رکھا جائے گا اور ان کی بحالی پر بھی کام کیا جائے گا۔سرفراز بگٹی نے مسنگ پرسنز کے مسئلے پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گااور اگر اب بھی کوئی شخص لاپتا ہے تو وہ خود سے غائب تصور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پر الزام لگانا آسان ہے لیکن ریاست کو مضبوط اقدام بھی اٹھانے ہوں گے۔اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے ترمیمی مسودہ قانون کی منظوری کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔