Live Updates

خیبرپختونخواہ کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایمرجنسی ائیرایمبولینس میں تبدیل

ضلع کرم میں حالیہ کشیدگی کے دوران کئی مریضوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر کوہاٹ اور پشاور منتقل کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 12:41

خیبرپختونخواہ کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایمرجنسی ائیرایمبولینس میں تبدیل
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ حکومت کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ایمرجنسی ائیرایمبولینس میں تبدیل کردیا گیا۔ ترجمان صوبائی محکمہ صحت کے مطابق محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ کاوش سے خیبر پختونخواہ کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ایمرجنسی ائیر ایمبولینس میں تبدیل کیا گیا ہے، اس حوالے سے مشیر صحت احتشام علی نے ائیر ایمبولینس کی ٹسٹ فلائٹ میں حصہ لیا اور موجودہ سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا، ضلع کرم میں حالیہ کشیدگی کے دوران کئی مریضوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر اپر اور لوئر کرم اور پھر کرم سے کوہاٹ اور پشاور منتقل کیا گیا۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے صحت کارڈ پلس میں مزید 4 پیچیدہ بیماریوں کا علاج بھی شامل کردیا گیا، اس حوالے سے خیبرپختونخواہ حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ جگر، گردے اور بون میرو کی پیوندکاری کا علاج مفت فراہم کیا جائے گا، آلہ سماعت کی تنصیب کو بھی صحت کارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، مردان سے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت او پی ڈی کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا، صحت کا رڈ پلس کے تحت صوبے بھرمیں ایک کروڑ چھ لاکھ افراد کو مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، صحت کارڈ کے اجراء سے اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد صحت کی مفت سہولتوں سے مستفید ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخواہ کابینہ نے صوبے میں لائف انشورنس سکیم اور صحت کارڈ پروگرام میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، اس دوران کابینہ نے صوبے بھر میں بغیر کسی امتیاز کے لائف انشورنس سکیم کی منظوری دی، سکیم کی سالانہ لاگت 4.5 ارب روپے ہے، اسٹیٹ لائف کے ذریعے سکیم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صحت کارڈ کے تحت علاج کے دوران وفات پر انشورنس کوریج دی جائے گی، ایک کروڑ 5 لاکھ خاندان انشورنس سکیم کے دائرے میں شامل ہوں گے جب کہ صحت کارڈ پروگرام میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ صوبائی کابینہ نے خیبرپختونخواہ ڈیجیٹل پیمنٹ اور فِن ٹیک سٹریٹجی 2030ء کی بھی منظوری دی جس کے ذریعے سرکاری ادائیگیاں ڈیجیٹل اور عوام کے لیے لین دین آسان ہوگا، فِن ٹیک، نجی شعبہ اور حکومت کے درمیان تعاون فروغ پائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات