نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ایشیاء کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال ہوگا‘خواجہ سلمان رفیق

کینسر ہسپتال میں لیول 4 کے مریضوں کا علاج و معالجہ بھی کیا جائے گا، مریضوں کو عالمی سطح کی سہولیات فراہم کریں گے‘وزیر صحت

بدھ 4 جون 2025 14:50

نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ایشیاء کا سب سے بڑا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 96 واں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس کے دوران پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈے پیش کئے گئے۔اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 95 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے شعبہ صحت میں مختلف منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کو سسٹین ایبل ماڈل کے تحت چلائیں گے۔

یہ کینسر ہسپتال حکومت پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ ایشیاء کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال ہوگا۔ اس کینسر ہسپتال میں لیول 4 کے مریضوں کا علاج و معالجہ بھی کیا جائے گا۔ انشاء اللہ اس کینسر ہسپتال میں مریضوں کو عالمی سطح کی سہولیات فراہم کریں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈاکٹر زاہد پرویز، پروین آغا، ڈاکٹر شجاعت علی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس بلال احمد و دیگر نے شرکت کی۔ویڈیو لنک کے ذریعے ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی نے شرکت کی۔اجلاس میں آئی ڈیپ سے ڈاکٹر شہزاد لغاری اور گرانٹ تھورنٹن انجم رحمان کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔