Live Updates

بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں گذشتہ 37 سال میں 930بچے شہید کئے، رپورٹ

بدھ 4 جون 2025 17:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے معصوم کشمیریوں کے خلاف اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران جنوری 1989سے اب تک 930کشمیری بچوں کو شہید کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے ”جارحیت کا شکار معصوم بچوں ‘‘کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 37 سالوں میں بھارتی فورسز نے 96ہزار449کشمیریوں کو شہید کیا جن میں 930بچے بھی شامل ہیں۔

اس دوران 107,982بچے یتیم ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2010سے اب تک بھارتی فورسز کی گولیوں، پیلٹوں اور آنسو گیس کے گولوں سے ہزاروں بچے زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں فوجی قبضے میں پروان چڑھنے والے کشمیری بچوں پرپڑنے والے شدید نفسیاتی اثرات اور جسمانی نقصانات کو اجاگر کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

متعدد کمسن بچوں کو جعلی مقابلوں، دوران حراست یا محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا گیا ہے جبکہ کئی کو کالے قوانین کے تحت غیر قانونی نظربندی کا سامنا ہے۔

دریں اثنا ءکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، یورپی یونین اور بچوں کے حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ کشمیری بچوں کو بھارتی جارحیت سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے بچوں کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر بھارت کی مذمت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات