سپریم کورٹ :پی آئی اے ملازم کی برطرفی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب

عدالت عظمی نے سرکاری اور نجی اداروں سے ملازمین کی برطرفیوں کے فیصلوں کیخلاف فورم نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا

بدھ 4 جون 2025 17:15

سپریم کورٹ :پی آئی اے ملازم کی برطرفی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے پی آئی اے میں گریڈ 6 کے ملازم کی برطرفی کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور پی آئی اے سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پی آئی اے میں گریڈ 6 کے ملازم کی برطرفی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت عظمی نے سرکاری اور نجی اداروں سے ملازمین کی برطرفیوں کے فیصلوں کیخلاف فورم نا ہونے پر اظہار برہمی کیا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ میں وفاقی حکومت کو بھی لکھ چکا ہوں کہ اس معاملے کو دیکھیں۔ برطرف ملازمین کے پاس ماسٹر آف سرونٹ کے علاوہ کوئی فورم نہیں۔ حکومت کا اپنا کوئی فورم ہونا چاہیئے جو برطرف ملازمین کے کیسز کے بروقت فیصلے کرے۔

(جاری ہے)

سرکاری ادارے، بینک کا دیگر اداروں میں شام کو ملازمین کو نکال دیا جاتا ہے۔ برطرف ملازمین سول سوٹ دائر کرتے ہیں جو بیس بیس سال تک چلتے ہیں۔

جن اداروں میں سروس کے قواعد نہیں انکا کوئی کچھ نہیں بگاڑتا۔ عدالت نے وکیل درخواستگزار سے مکالمے میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں اس طرح کے کیسز میں آپ معاونت کریں، ہم سارے کیسز کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پی آئی اے نے گریڈ چھ کے ملازم ندیم لودھی کو 2015 میں برطرف کیا تھا۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور پی آئی اے سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے برطرفی کیخلاف درخواست مسترد کردی تھی۔