Live Updates

بھارت کے جوہری صلاحیت کے حامل میزائل کے استعمال نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا

جنگ بندی کےباوجود مودی نے بھارتی اقدام کو نیونارمل کہا ،ہم اس نیونارمل کو ابنارمل کہتے ہیں، بھارتی قیادت اس ابنارمل کو خطے پر مسلط کرنا چاہتی ہے۔ سربراہ سفارتی وفد بلاول بھٹو کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 جون 2025 21:12

بھارت کے جوہری صلاحیت کے حامل میزائل کے استعمال نے صورتحال کو مزید ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 05 جون 2025ء ) پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے جوہری صلاحیت کے حامل میزائل کے استعمال نے صورتحال کو مزید نازک بنادیا ،جنگ بندی کے باوجود مودی نے بھارتی اقدام کو نیونارمل کہا ،ہم اس نیونارمل کو ابنارمل کہتے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے مستقبل کے تنازعات میں جوہری خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

بھارتی اقدامات کی وجہ سے حالات کی غیریقینی میں اضافہ ہوا ہے۔ مستقبل میں کسی اقدام کا جواب دینے سے متعلق پاکستان کے پاس وقت بہت کم ہے۔ بھارت کے جوہری صلاحیت کے حامل میزائل کے استعمال نے صورتحال کو مزید نازک بنادیا ہے، جنگ بندی کے باوجود مودی کی جانب سے بھارتی اقدام کو نیونارمل کہا گیا۔

(جاری ہے)

ہم اس نیونارمل کو ابنارمل کہتے ہیں، جس کو بھارتی قیادت خطے پر مسلط کرنا چاہتی ہے، مودی کے نظیریے کے مطابق جنگ چھیڑنے کیلئے ثبوت کی نہیں بلکہ الزام ہی کافی ہوگا۔

پاکستان کا نقطہ نظریہ ہے کہ پاکستان اور بھارت جامع مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور تسلی بخش جواب دیا۔ بلاول بھٹو نے جنگ بندی سے متعلق امریکی قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن کیلئے سعودی عرب اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے سفارتی وفد کے رکن خرم دستگیر نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی محاذ پر بتا دیا کہ اگر امریکا نے کردار ادا نہ کیا تو خطہ یقینی جنگ کی طرف بڑھ جائے گا،پاکستان ہندوستان کا راستہ بھی روک سکتا ہے اور شکست بھی دے سکتا ہے، ہندوستان امریکا کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے اس کے جنگی جنون اور بخار کا علاج امریکا کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتہائی مثبت ردعمل ملا ہے، ہندوستان نے بین الاقوامی قوانین کو توڑا ہے، ہندوستان راہ فرار اختیار کررہا ہے، ہندوستان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں کہ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر حملہ کیوں کیا؟اس کے برعکس پاکستان کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے، کہ پاکستان نے امن کی بات کی ہے۔ پاکستان کی دانش کو سراہا جارہا ہے۔عسکری ایکشن ، سفارتکاری اور معلومات کے حوالے شفافیت کو بھی سراہا گیا ہے۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات