پاکستان کی کامیابی کے بعد اسلامی ملک کا چین سے "جے10 " طیاروں کی خریداری پر غور

چینی "جے10 " جنگی طیاروں کے ہاتھوں بھارت کے رافیل طیاروں کی تباہی نے دنیا بھر میں چینی جنگی طیارے کی مانگ بڑھا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 جون 2025 00:07

پاکستان کی کامیابی کے بعد اسلامی ملک کا چین سے "جے10 " طیاروں کی خریداری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2025ء) پاکستان کی کامیابی کے بعد اسلامی ملک کا چین سے "جے10 " طیاروں کی خریداری پر غور، چینی "جے10 " جنگی طیاروں کے ہاتھوں بھارت کے رافیل طیاروں کی تباہی نے دنیا بھر میں چینی جنگی طیارے کی مانگ بڑھا دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کے چینی ساختہ " جے 10" جنگی طیاروں کے ہاتھوں بھارت کے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد سے "جے 10" طیارے نے دنیا بھر میں دھوم مچا رکھی ہے۔

پاکستان کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں چینی ساختہ " جے 10" لڑاکا طیاروں کے ذریعے بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کے بعد انڈونیشیا نے بھی چین سے یہ طیارے خریدنے پر غور شروع کر دیا ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہ چین سے " جے 10" طیاروں کی خریداری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا امریکی ایف 15 اور فرانسیسی رافیل طیاروں کی خریداری کے آپشنز پر بھی غور کر رہا ہے۔

انڈونیشیا پہلے ہی 2022ء میں 8.1ارب ڈالر کے 42 رافیل طیارے خرید چکا ہے، جن میں سے 6اگلے سال فراہم کئے جائیں گے۔ دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو دھول چٹا دی۔ڈیلی میل نے پاک فضائیہ کے زیراستعمال جے ٹین سی طیارے کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چین کا جنگی طیارہ جے 10سی مغربی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

پاکستان نے فرانسیسی ساختہ رافیل کے مقابلے میں چین کی ٹیکنالوجی جے ٹین سی کو استعمال کیا۔مسئلہ کشمیر پر دوایٹمی قوتوں کے درمیان لڑائی ہوئی۔ لڑائی میں چین کے جنگی طیاروں کا پہلی بار براہ راست مغربی ٹیکنالوجی کے ساتھ مقابلہ ہوا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے طیاروں میں کم ازکم ایک فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی تھا۔