مانسہرہ،ایس پی بالاکوٹ کا سرکل پارس کا دورہ،سیاحوں کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 4 جون 2025 18:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ایس پی بالاکوٹ نے سرکل پارس کا دورہ کر کے سیاحوں کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈسڑکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان نے سرکل پارس کا دورہ کیا ،جس کے دوران انہوں نے تھانہ پارس،تھانہ ناران اور ان سے منسلک پولیس چیک پوسٹوں کا معائنہ کیا اور موجودہ سکیورٹی انتظامات،ریکارڈ سسٹمز،سٹاف کی حاضری اور عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ایس پی بالاکوٹ نے ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں تعینات عملے سے ملاقات کر کے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وادی ناران اور کاغان ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش سیاحتی مقام ہے جہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں ،ان کی سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی ضلعی پولیس انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ایس پی بالاکوٹ نے تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل ایمانداری اور خوش اخلاقی سے سرانجام دیں تاکہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :