عیدالاضحیٰ کیلئے جامع ٹریفک پلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے، ٹریفک انسپکٹر مانسہرہ

بدھ 4 جون 2025 18:11

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ٹریفک انسپکٹر مانسہرہ انس خان نے کہا ہے کہ ڈی پی او شفیع اللّٰہ گنڈاپور اور ایس پی ٹریفک مانسہرہ شاہنواز خان کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے لئے ایک جامع ٹریفک پلان مرتب کیا ہوا ہے جس پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

پانو مویشی منڈی میں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کے لیے پانو مویشی منڈی، ٹائون شپ، شنکیاری، اوگی، بالاکوٹ، گڑھی حبیب اللہ اور دیگر جگہوں پر جہاں بھی مویشی منڈیاں قائم ہیں وہاں پر کافی تعداد میں ٹریفک پولیس اہلکار موجود ہیں، جن کا مقصد ٹریفک کو کنٹرول کرنا اور عوام کو ٹریفک کے رش سے بچانا ہے تاکہ وہ سکون سے قربانی کے جانور خرید سکیں۔

ٹریفک پولیس انسپکٹر مانسہرہ نے کہا کہ جو قربانی کے جانور خریدنے آ رہے ہیں ان کو آنے اور جانے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے، ٹریفک کی وجہ سے آپ کو کہیں بھی شکایات نہیں ملیں گی۔ ٹریفک انسپکٹر مانسہرہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں،گاڑیاں پارکنگ کے لیے مختص ایریا میں کھڑی کریں تاکہ آپ کی وجہ سے دیگر لوگوں کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :