Live Updates

مضبوط معیشت اختراعی ذہنوں اور فعال قیادت سے پروان چڑھتی ہے، صدر آئی سی سی آئی ناصر منصور قریشی کا آئیڈیاز فیسٹ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب

بدھ 4 جون 2025 21:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت اختراعی ذہنوں اور فعال قیادت سے پروان چڑھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی (آر ڈبلیو یو )کے زیر اہتمام دوسرے آئیڈیا فیسٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی کے عزم کو سراہتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی مستقبل کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں نوجوانوں کی قیادت میں آئیڈیاز کے اہم کردار کو اجاگر کیا ۔فیکلٹی ممبران، طلباء اور مہمانوں پر مشتمل متنوع سامعین سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک متحرک پلیٹ فارم بنانے پر آر ڈبلیو یو کی تعریف کی جو طلباء کو تعمیری سوچ، دلیری سے کام کرنے اور اپنے خیالات کو عملی حل میں تبدیل کرنے کی طاقت دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

تعلیم اور انٹرپرینیورشپ کے درمیان ہم آہنگی کو اجاگر کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے نوٹ کیا کہ ایک مضبوط معیشت اختراعی ذہنوں اور فعال قیادت سے پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے تمام تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین کریں اور اپنے تصورات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جرأت مندانہ قدم اٹھائیں۔

ناصر منصور قریشی نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے انٹرنشپ، مشترکہ تحقیق، سٹارٹ اپ انکیوبیشن، اورمینٹرشپ پروگراموں کے ذریعے مزید مضبوط تعاون کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی شاندار ٹیلنٹ پیدا کر رہی ہے اور آئی سی سی آئی ایسے اقدامات کی حمایت کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ آئیڈیا فیسٹ کے تمام شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ان کے جذبے اور عزم کا اعتراف کرتے ہوئے اسے قابل ستائش قرار دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات