اے این پی کے صوبائی ٹرائیبل سیکرٹری ملک امان اللہ مہترزئی کی گرفتاری قابل مذمت ہے ، ملک رشید ناصر

بدھ 4 جون 2025 20:10

ؒ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماملک رشید ناصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی بجائے شریف شہریوں کوتنگ کرنے میں لگی ہوئی ہے،اے این پی کے صوبائی ٹرائیبل سیکرٹری ملک امان اللہ مہترزئی کی گرفتاری قابل مذمت ہے اگر انہیں فوری طور پر رہا نہیں کیا گیاتو ا ے این پی سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو اے این پی کے رہنماوں حمزہ کاکڑ، ملک ستا ر خلجی، عصمت داوی، اجمل کاکڑ،ملک حمید کاکڑ،ملک آصف کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کچلاک میں پولیس نے ایرانی پٹرول پمپ پرچھاپے کے دوران وہاں سے نقدی اٹھاکر لے گئے جس کے بعد علاقے کے عوام نے احتجاجا شاہراہ بلاک کردیا جس کے بعد اے این پی کے رہنما ملک امان اللہ مہترزئی نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے ایک کمیٹی تشکیل دی اور یقین دہانی کرائی کہ مسئلے کو حل کیا جائے گامگرآج ایک مرتبہ پھر پولیس نے چھاپہ مارا اور فائرنگ اور تشدد کرکے پارٹی کے ایک رہنما کوشدید زخمی کردیا جو اسوقت ٹراما سینٹر کوئٹہ میں زیرعلاج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب علاقے کے لوگ پولیس کے پاس گئے تو انہوں نے کہا کہ ملک امان اللہ مہترزئی کومذاکرات کیلئے بلائیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ٹرائیبل سیکرٹری ملک امان اللہ مہترزئی جیسے ہی کچلاک تھانے پہنچے تو اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس نے انہیں حراست میں لے کر پولیس تھانہ کینٹ کوئٹہ منتقل کردیا اورانہیں گزشتہ کئی گھنٹوں سے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے جس کی عوامی نیشنل پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک امان اللہ مہترزئی کی گرفتاری کے خلاف آج شام پارٹی کے مرکزی اورصوبائی رہنماوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے اگر انہیں فوری طور پر رہا نہیں کیا گیاتو پارٹی سخت احتجاج کریگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومت کی رٹ کہیں نظرنہیں آرہی ہے دن دیہاڑے اسسٹنٹ کمشنر تمپ کو اغوا جبکہ گزشتہ دنوں اسسٹنٹ کمشنر سوراب ہدایت اللہ بلیدی کو شہید کیا گیا لیکن پولیس ملزمان کو گرفتارکرنے کی بجائے شریف شہریوں کو تنگ کرنے میں لگی ہوئی ہے۔