حجاج کرام کی رہنمائی کیلئے 17 کیبنز اور 75 الیکٹرانک سکرینیں نصب

مسجد الخیف میں ایک جامع دعو پروگرام بھی جاری ،ممتاز علما اور دینی سکالرز کے لیکچرز شامل

جمعرات 5 جون 2025 11:40

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے حج 1446ھ کے موقع پر مشعرِ منی میں حجاج کرام کی شرعی رہنمائی اور دینی آگاہی کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارت نے 17 دعو کیبنزقائم کئے ہیں اور 75 الیکٹرانک سکرینیں نصب کی ہیں، جو مختلف زبانوں میں رہنمائی اور ارشادی پیغامات نشر کر رہی ہیں۔

عرب ٹی وی نے بتایاکہ وزارت کے ترجمان کے مطابق ان دعو کیبنوں میں تربیت یافتہ علمائے کرام اور مترجمین تعینات کئے گئے ہیں جو دن رات چوبیس گھنٹے حجاج کے سوالات کے جوابات دے رہے ہیں اور دینی مواد تقسیم کر رہے ہیں۔ یہ کیبنیں مسجد الخیف، مسجد حجاج البر، جمرات پل کے نیچے و اوپر اور جسر الملک عبدالعزیز جیسے اہم مقامات پر نصب کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے وزارت نے "ڈیجیٹل شرعی رہنمائی کی سہولت بھی فراہم کی ہے جس کے تحت 6 آئی پیڈز کے ذریعے حجاج براہِ راست ویڈیو کال کے ذریعے علمائے کرام سے رابطہ کر کے فوری فتوی حاصل کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ مسجد الخیف میں ایک جامع دعو پروگرام بھی جاری ہے جس میں ممتاز علما اور دینی سکالرز کے لیکچرز شامل ہیں، جو حج کے دوران حجاج کو مناسک اور شرعی امور سے متعلق رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ یہ اقدامات وزارتِ اسلامی امور کی اس جامع مہم کا حصہ ہیں جو سعودی عرب کی جانب سے ضیوف الرحمان کی خدمت، اعتدال پسندی کے فروغ اور دین اسلام کی سہولت و آسانی پر مبنی تعلیمات کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔