سمبڑیال میں پولیس مقابلہ میں نامعلوم ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو جاں بحق

جمعرات 5 جون 2025 15:03

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) سمبڑیال میں پولیس مقابلہ میں نامعلوم ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سمبڑیال ارشاد احمد کی ہدایت پر تھانہ سمبڑیال پولیس سرکاری گاڑی پر سرچ آپریشن گرفتاری برائے ملزمان جارہی تھی کہ جونہی نہر کی پٹڑی ملکھانوالہ کے قریب کھوتہ پلی کے پاس پہنچی تو اچانک سے سامنے سے 4 نامعلوم ڈاکوئوں نے سامنے آکر فائرنگ شروع کردی ، پولیس نے درختوں کی آڑ لے کر جوابی فائرنگ کی اور اونچی آواز میں بتایا کہ ہم پولیس والے ہیں اپنی گرفتاری دیدیں تاہم 20 منٹ بعد فارئرنگ کا سلسلہ رکنے پر پولیس نے سرچ کیا تو ایک شخص زخمی حالت میں ملا جس کی شناخت نوید ولد حنیف کے نام سے ہوئی اور باقی 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ملزم سے جو موبائل برآمد ہوا وہ ڈکیتی اور قتل کی واردات کے دوران چھینا گیا تھا اور ہلاک ملزم کے پاس سے غیر قانونی پسٹل سمیت گولیوں کے بہت سارے خول برآمد ہوئے۔پولیس نے ڈیٹ باڈی کو ہمراہ ریسکیو1122 ٹی ایچ کیو ہسپتال سمبڑیال پہنچا دیا اور فرار ڈاکوئوں کے خلاف مقدمہ قتل ، ناجائز اسلحہ اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔