Live Updates

ملک بھر کیلئے بجلی 93پیسے مہنگی اور کراچی کیلئے 2.99روپے فی یونٹ سستی ،نوٹیفکیشن جاری

نیپرانے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے، ملک بھر صارفین سے یہ اضافی وصولیاں جون کے بلوں میں کی جائیں گی، کراچی کے صارفین کو کمی کا ریلیف جون کے بلوں میں ملے گا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 5 جون 2025 17:41

ملک بھر کیلئے بجلی 93پیسے مہنگی اور کراچی کیلئے 2.99روپے فی یونٹ سستی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 جون 2025)نیپرا نے ملک بھر کیلئے بجلی 93 پیسے فی یونٹ مہنگی اور کراچی کیلئے بجلی دو روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی کردی،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق الگ، الگ نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے،اس کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل اسٹیشنز پر بھی نہیں ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کیلئے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے۔ کراچی کے صارفین کو کمی کا ریلیف جون کے بلوں میں ملے گا۔ کے الیکٹرک کیلئے بجلی مارچ 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سستی کی گئی ہے۔کے الیکٹرک نے 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کرائی تھی، مگر کراچی والوں کو مکمل ریلیف نہیں مل سکا۔

(جاری ہے)

نیپرا کی جانب سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق باقی ملک کیلئے بجلی 93 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق ملک کیلئے اپریل 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔صارفین سے یہ اضافی وصولیاں جون کے بلوں میں کی جائیں گی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل 2025 کی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا تھا۔

دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے عیدالاضحی کے موقع پر گیس کی فراہمی کے اوقات کار جاری کردئیے ہیں۔ترجمان کے مطابق گھریلو اور کمرشل صارفین کو عید الاضحیٰ کے تین دنوں کے دوران گیس فراہم کی جائیگی،جمعہ 6 جون گیس کی بندش رات 12 بجے ہوگی۔ہفتہ 7 جون عید کے پہلےروز گیس کی فراہمی صبح 5 بجے بحال ہوگی جس کے بعد گیس کی بندش نہیں ہوگی،اتوار 8 جون عید کے دوسرے روزسارا دن گیس کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔ پیر 9 جون تیسرے رووزدن بھرسے رات12 بجے تک تمام دن گیس کی فراہمی بحال رہے گی۔ منگل 10 جون سے پرانے شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی کے اوقاتِ کار بحال ہو جائیں گے۔

Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات