فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج، درخواست نمٹا دی گئی

آپ کو پتا ہے ہم نے کہاں جانا ہے، یہیں اپوزیشن کرنی ہے، فواد چودھری …آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کر نام نکلوا ہی لیا،جسٹس انعام امین منہاس

جمعرات 5 جون 2025 22:16

فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج، درخواست نمٹا دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالے جانے کے بعد ان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس پر سماعت کی، فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس کے مطابق فواد چوہدری کا نام 4 جون کو فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت فواد چوہدری خود روسٹرم پر آئے اور جسٹس انعام امین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا، عدالت کا بہت بہت شکریہ، آپ کو پتا ہے ہم نے کہاں جانا ہے، ہم نے یہیں اپوزیشن کرنی ہے۔اس موقع پر جسٹس انعام امین منہاس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے، آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کر نام نکلوا ہی لیا۔ جج کے اس تبصرے پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔وکیل فیصل چوہدری نے دورانِ سماعت جسٹس انعام سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا، آپ کے پاس آنے سے ہمارا فائدہ ہوتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے تمام شواہد اور رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد فواد چوہدری کی درخواست کو نمٹا دیا۔